ایک نیوز: جرات ثابت قدمی اور حب الوطنی کی لازوال تاریخ رقم کرتے ہوئے فوجی جوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہوا ہے انہی جوانوں میں سے ہی ایک وطن پر قربان ہونے والے سمبڑیال کے سپوت کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق23سالہ سپاہی اویس مصطفی مغل کی شہادت پاک فوج کی وطن کی خاطر دی جانے والی قربانیاں کا مظہر ہے۔اپنے والدین کے ساتھ ساتھ علاقے کا نام روشن کرنے والے سپاہی 5بہن بھائیوں میں پہلے نمبر پر تھے۔ 2020 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے سپاہی اویس مصطفی آواران بارڈر بلوچستان کے کھوڑو سیکٹر میں دشمنوں کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئےتھے، ان کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستہ نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔سپاہی کو نماز جنازہ کے بعد ان کے آبائی علاقہ نئی آبادی بنگلہ سمبڑیال میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
اہل علاقہ نے شہادت کو مقامی نوجوانوں کے لیے مشل راہ قرار دیا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اویس مصطفی مغل سمیت پاک فوج کے تمام شہید وہ درخشندہ ستارے ہیں جنہوں نے ملک کی آبرو کی خاطر جان نچھاور کی وہ بلا شبہ عزت اور تکریم کے مستحق ہیں جن کی بدولت آج ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔