ایک نیوز: LIMS لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم جدید زراعت کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان اور پاک فوج کا بےمثال منصوبہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق LIMS کا قیام پاکستان میں زراعت کے شعبے میں انقلاب کا باعث بنے گا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں زرعی شعبے کی ترقی کا پہلا جامع حکومتی اقدام ہے۔ LIMS کا بنیادی مقصد ملکی زرعی درآمدات میں کمی، برآمدات میں اضافہ اور بڑھتی آبادی کی غذائی اجناس کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
لینڈ انفارمیشن مینیجمینٹ سسٹم پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔ LIMS کے قیام سے کسانوں کو موسمی تبدیلیوں، فصلوں کی سیٹلائٹ سے ہمہ وقت نگرانی، پانی، کھاد اور اسپرے کے متوجہ علاقوں کے بارے میں معلومات بیک وقت دستیاب ہوں گی۔
LIMS کے قیام سے کسانوں کو منڈیوں تک براہ راست رسائی بھی حاصل ہوگی۔ لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت غیر آباد اور کم پیداوار والی زرعی زمینوں پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔ اس انقلابی ادارے سے زمین، فصلوں، موسم، پانی کے ذخائر اور کیڑوں کی روک تھام پر ایک ہی چھت کے نیچے کام کیا جائے گا۔
مختلف وسائل و ذخائر، جدید ٹیکنالوجی اور آبپاشی نظام کے مناسب استعمال سے زراعت میں ایسی ترقی لائی جائے گی جس سے ملک کے ہر خطے میں خوراک کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔ معلومات اور تجزیات کی بنا پر مشکلات، رکاوٹوں اور چیلنجز کی نشاندہی، مناسب حل تلاش کرنے اور باخبر فیصلے لینے میں آسانی ہوگی۔
اس پروگرام کے باعث ملک میں عوام کے لیے نوکریوں کے وسائل بھی پیدا ہوں گے۔ اس کے مقاصد میں ضائع کی ہوئی اور غیر کاشت شدہ زمین کی بحالی کرنا ہے۔ سعودی عرب، چائنہ، متحدہ عرب امارت، قطر اور بحرین کے ساتھ بہت سے منصوبوں میں شراکت داری کی جارہی ہے جس سے پاکستان کے برآمدات میں یقینی اضافہ ہوگا۔
نئے منصوبے کے تحت سیلابی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے نئی نہریں بنائی جائیں گی۔ جدید آبپاشی کی ٹیکنیکس جیسا کہ ماڈیولر ڈرپ آبپاشی، سپرنکلر آبپاشی اور محور آبپاشی کا استعمال عمل میں لایا جائے گا۔