ملک کوIMFکےحوالےکرکےدھمال ڈالنےوالےاپنےانجام کاانتظار کریں:شیخ رشید

Jul 07, 2023 | 12:59 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غیر مقبول حکومت لا کر اور لوگوں کی خواہشوں کا خون کر کے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے دھمال ڈالنے والے اپنے انجام کا انتظار کریں۔

 عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کے مبصرین پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان میں وقت پر الیکشن ہوں گے یا نہیں؟ اگر ہوں گے تو کیسے ہوں گے؟ قوم یہ سوال پوچھتی ہے کہ پی پی پی اور ن لیگ نے کس کے خلاف الیکشن لڑنا ہے؟

انہوں نے کہا اگر ایسے ہی الیکشن لڑنا ہے جیسے کراچی اور آزاد کشمیر میں ہوا ہے تو اس سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو گا اور جگ ہنسائی ہو گی، وزیر خارجہ غیر ملکی دوروں کی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 15 مہینوں میں چوتھی مرتبہ امریکہ لینڈ کر گئے ہیں، نہ یہ سفارتی دورہ ہے نہ دورے کا اعلامیہ، یہ ان کی سیاسی خفیہ سرگرمیوں کی خواہشوں کا چوتھا ناکام دورہ ہے، خالی ہاتھ لوٹیں گے۔

شیخ رشید نے کہا بکاؤ مال کی منڈی لگی ہوئی ہے، اب پاکستان میں ان کا یہ سیاسی مال لوٹ سیل میں بھی نہیں بکے گا، نگران حکومت کون بنائے گا اور نگران وزیراعظم کون بنے گا، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، ان کو غیر ملکی دوروں سے فرصت نہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا 20 کلو کا آٹا مزید 100 رو پے بڑھ گیا غریب مر گیا، ایک طرف گرمی ہے دوسری طرف بجلی نہیں تیسری طرف ہولناک بجلی کے بل ہیں، عوام سینڈویچ بن گئے، جائیں تو کہاں جائیں، غیر مقبول حکومت لاکر اور لوگوں کی خواہشوں کا خون کر کے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے دھمال ڈالنے والے اپنے انجام کا انتظار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط اور 9 یقین دہانیاں 12 جولائی کے بعد اپنا حقیقی اثر دیکھائیں گی، ابھی ٹریلر چلا ہے حقیقی فلم چلے گی تو لگ پتہ جائے گا، سازش کے تحت ڈالر نیچے، سٹاک ایکسچینج اوپر کی گئی، 12 جولائی گزر لینے دیں نیچے کا اوپر اوراوپر کا نیچے ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا شہباز شریف اپنے کپڑے بیچ کے آٹا سستا کرنے کی باتیں کر رہا تھا، شہباز شریف کے کپڑے خریدنے کے لیے دنیا میں کوئی تیار نہیں، انہوں نے ناجائز حکومت کے تسلسل کے لیے ملکی اثاثے خارجہ پالیسی اور قومی غیرت فارسیل لگا دی ہے، غریب کے لیے کفن دفن مفت قرار دیا جائے تاکہ تدفین کے مالی بوجھ سے غریب کو ریلیف مل سکے۔ 

مزیدخبریں