سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف یومِ تقدیس منایا گیا،شہر شہر احتجاجی ریلیاں

Jul 07, 2023 | 13:25 PM

ایک نیوز: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد شہر شہر ریلیاں اور جلوس نکال کر گھناؤنے فعل کی مذمت کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہر طبقہ فکر  سے وابستہ افراد سویڈن میں ملعون شخص کے ہاتھوں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی۔

وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جب کہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے گئے۔

سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔  

وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ معاملات حکومتی سرپرستی کے بغیر ہوتے تھے، اب سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلایا گیا  ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام تمام کتب اور انبیا کے احترام کا حکم دیتا ہے۔ عوام سویڈن واقعے کے خلاف پرامن مظاہرے کے لیے نکلیں اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے مرکزی صدر اور پاکستان مسیحی کونسل پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مائیکل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ  سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ  ناقابل قبول ہے۔   پاکستان کے مسیحی اس واقعے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شریک ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔

منڈی بہاؤالدین میں احتجاجی ریلی: 

منڈی بہاوالدین میں مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف عظمت قرآن ریلی نکالی گئی، شرکاء نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے  لگائے گئے، احتجاجی ریلی صدر گیٹ سے شروع ہوئی اور پریس کلب کے باہر شرکاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ 

اس موقع پر علماء کرام کا کہنا تھا کہ قرآن کی حرمت پر جان بھی قربان ہے اور ہر مسلمان ان یہود و نصاریٰ کے مذموم مقاصد کسی صورت پورے نہیں ہونے دے گا۔ قرآن پاک ہمارے دلوں میں بستا ہے، اس کی توہین کرنے والے دنیا میں اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

حسن ابدال میں مسیحی برادری کی سویڈن واقعہ کی مذمت:

حسن ابدال میں چئیرمین سلامت مسیح کی سربراہی میں مسیحی برادری کے وفد کی مذہبی جماعت کے دفتر آمد ہوئی۔ مسیحی برادری نے حسن ابدال کی سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ 

مسیحی برادری کے وفد میں صدر پترس مسیح،جنرل سیکرٹری پال گل سمیت دیگر نمائندے شامل تھے۔ چیئرمین سلامت مسیح نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو اسلامی قوانین کے مطابق  سزا ہونی چاہیے، یہ صرف قرآن پاک کی ہی نہیں بلکہ تمام اہل کتاب کی توہین ہے۔

میلسی میں یوم تقدیس قرآن پر احتجاجی مظاہرہ:

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے عمل سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے آج تحصیل میلسی میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جن میں انجمن تاجران، علماء اکرام، سول سوسائٹی، پریس کلب کے ممبران سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-07/news-1688715912-3391.mp4

شرکاء نے  سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا آزادی اظہار رائے کے نام پر مذہبی دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کو پروان چڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مسلم امہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے لیکن سویڈن ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف مذہبی دہشت گردی کا عمل دوہراتا رہتا ہے۔ 

ہمارا عالمی برادری سے بھی مطالبہ ہے کہ سویڈن حکومت کی ایما پر مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والے عناصر کا مستقل اور حقیقی معنوں میں سدباب کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ مظاہرین نے حکومت سے سویڈن کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

کہروڑپکا، مذہبی اور سول تنظیموں کا شدید احتجاج:

کہروڑ پکا میں بھی سویڈن میں "قرآن کریم" کی توہین کے خلاف مذہبی اور سول تنظیموں نے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اور او آئی سی توہین کے مرتکب ممالک، افراد کیخلاف کارروائی کریں۔ 

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-07/news-1688715998-8188.mp4

جمیعت علمائے اسلام نے سویڈن کے خلاف چوک بخاری تک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سویڈن حکومت کیخلاف مظاہرے کی قیادت امیر جمیعت مفتی محمد بن عبد الرحمن نے کی۔ کہروڑپکا بار میں بھی وکلاء برادری نے احتجاج کیا۔ کہروڑپکا بار میں احتجاج کی قیادت سیکرٹری بار چوہدری محمد حسین نے کی۔ تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے سویڈش حکومت اور گستاخ شخص کیخلاف احتجاج میں شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرین نے سویڈن کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین"عظمت قرآن پر جان بھی قربان ہے"  کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔

اوکاڑہ میں طلباء وطالبات کا پریس کلب کے باہر احتجاج:

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے طلبا وطالبات نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں اساتذہ طلبہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔  

طلبا و طالبات نے سویڈن  حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر سویڈن سفارت کار کو ملک بدر کرے۔ 

مقررین نے کہا کہ یورپ کی بدمعاشی کے خلاف مسلمان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔

شیخوپورہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ:

شیخوپورہ میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف صحافی ، مذہبی، سماجی اور سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی جامعہ مسجد محمدیہ سے شروع ہو کر جناح پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ 

ریلی میں سویڈن  حکومت کے خلاف شدید  نعرہ بازی کی گئی۔ صدر پریس کلب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر سویڈن سفارت کار کو ملک بدر کرے۔

پاکپتن میں احتجاجی ریلی کا انعقاد:

گزشتہ دنوں سویڈن حکومت کی سرپرستی میں ایک ملعون شخص کی ناپاک جسارت کے خلاف انجمن اصلاح معاشرہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ 

سویڈن حکومت کیخلاف مظاہرے کی قیادت انجمن اصلاح معاشرہ کے صدر ڈاکٹر اقبال احمد نے کی۔ مظاہرین نے اسلامی مالک کے فورم او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ صرف قرار دادوں  کو پاس کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ سویڈن کیخلاف تمام معاشی، سیاسی اور دیگر تعلقات کو فوری طور منقطع کریں۔

چونیاں میں بھی حرمت قرآن ریلی کا انعقاد: 

چونیاں آلہ آباد اور دیگر مقامات پر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ تاجر برادری مذہبی اور دیگر تنظیموں  کے راہنماؤں نے آج جمعہ کی نماز کے بعد احتجاج کی کال دی تھی۔ 

احتجاج کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر عظمت قرآن پر جان بھی قربان کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ قرآن پاک کی توہین کرنے والوں کے ساتھ تمام قسم کے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔

آبپارہ مارکیٹ اسلام آباد میں تاجر برادری کا احتجاج:

تاجر برادری کی جانب سے سویڈن واقعے کے خلاف اسلام آباد آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے سویڈن واقعے کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے کے لئے پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی۔ 

لاہور میں مسجد شہداء کے باہر مختلف تنظیموں کا مشترکہ احتجاج:

یوم تقدیس قرآن، سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کے خلاف مسجد شہدا کے باہر مختلف تنظیموں و جماعتوں نے مشترکہ احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مسجد شہدا سے ریگل چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

ریلی میں مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر اپنے کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ مظاہرین نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت سے اقوام متحدہ میں جا کر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات روکنے کے لئے عالمی سطح کی قانون سازی کروانے کا مطالبہ کیا۔

راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ:

مسلم لیگ ن کے زیراہتمام سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ لیگی رہنما ملک شکیل اعوان اور حنیف عباسی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

حنیف عباسی نے احتجاجی مظاہرے میں میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی حفاظت اللہ نے اپنے ذمہ لی ہے۔ یہاں پر تصویر نکالنا مقصد نہیں ہے، بلکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی سے پورے عالم کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس نے قرآن سے گستاخی کی اس کو کوئی نا کوئی مسلمان سبق سکھائے گا۔ وزیراعظم نے کہا اس مسئلے کے بعد ہمیں نا کہنا جو ہمارا رد عمل آئے گا۔یہ ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا تب تک سویڈن سے کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سویڈن بھی پریشان ہے کہ اس واقع کے بعد اندرونی انتشار تول پکڑ گیا ہے۔ آج کے دن اللہ نے ہمیں ہمت دی، ہم نے 11  11 سال کال کوٹھری میں گزارے۔ میں ایک نیک مقصد کے لیے یہاں حاضر ہوا ہوں۔

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر واسا راولپنڈی نے عظمت قرآن ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈی واسا محمد تنویر نے کی۔ ریلی واسا ہیڈ آفس سے مین مری روڈ تک نکالی گئی۔ جس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

ایم ڈی واسا نے کہا کہ قرآن پاک کی عظمت و حرمت پر ہماری جانیں قربان ہیں۔ ہم پرامن احتجاج سے پیغام دے رہے ہیں کہ اس عمل سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ سویڈن حکومت کو ایسے اقدامات کو سرکاری سطح پر روکنا چاہیے۔

میانوالی میں بھی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے:

میانوالی شہر اور گردونواح میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کےخلاف شہر شہر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

 سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف میانوالی شہر اور گردونواح میں عظمت قرآن مجید ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی میں صحافی برادری انجمن تاجران وکلاء اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 

ریلی میں شریک علماء کرام نے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ عظمت قران کے لیے ہماری جانیں بھی قربان ہیں۔ ہم مسلمان تمام انبیاء پر اترنے والی کتابوں کی عزت واحترام اور محبت کرتےہیں چاہے تورات ہو انجیل ہو زبور ہو ہمارے لیے مقدس ہیں لیکن آخر میں آخری نبی محمد صلى الله عليه واله وسلم پر اتاری گٸی حق وسچ کی کتاب قران کی عظمت وحرمت سب سے افضل ہے۔ 

ریلی میں شریک افراد نے سویڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

حسن ابدال میں یوم تقدیس قرآن پر ریلیوں کا انعقاد:

سویڈن واقعہ پرحسن ابدال میں بھی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں۔ امیدوار حلقہ پی پی 2 سردار اویس اسلم مرزا کی زیر قیادت جماعت اسلامی نے ریلی کا انعقاد کیا۔ جماعت اسلامی کی ریلی مسجد دارلاسلام سے شروع ہو کر ٹیپو سلطان شہید چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ 

ریلی میں جماعت اسلامی کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت کی۔ مظاہرین نے سویڈن حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین بت سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اٹک میں بھی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کا انعقاد:

سویڈن میں قرآن کی بےحرمتی کے خلاف احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ فوارہ چوک میں بعد از نماز جمعہ مختلف جماعتوں کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔

شرکاء نے کہا کہ سویڈن واقعہ پر قرارداد سے بڑھ کر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

کراچی میں سیاسی،مذہبی اور تاجر تنظیموں کے مظاہرے:

سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کا معاملہ، شہر بھر میں سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میمن مسجد سے ٹاور تک نکالی گئی۔ شرکاء نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ 

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ٹاور سے پریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ کراچی ڈویژن کی جانب سے احتجاجی ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی مسلم لیگ ن کراچی کے صدر سلمان خان کی قیادت میں نکالی گئی۔ جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 شرکا نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں ںے مطالبہ کیا کہ سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ اس کے علاوہ قرآن الکریم کی بےحرمتی کے خلاف کراچی کی تمام مارکیٹیں دوپہر2 تا 4 بجے تک بند رکھی گئیں۔ 

ریگل چوک پر  تاجر برادری کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ تاجر برادری نے سویڈن میں قرآن الکریم کی توہین کی سخت مذمت اور بھرپور احتجاج  کیا۔ تاجروں نے حکومت پاکستان سے سویڈن سے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مزیدخبریں