طوفانی بارشیں ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ

 طوفانی بارشیں ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ
کیپشن: ملک بھرمیں طوفانی بارشیں،پہاڑوں پربرفباری،ندی نالوں میں طغیانی

ایک نیوز: اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا،صبح سے ہی اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جارہی ہے جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی واقع ہوئی ہے،مون سون کی ان بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والے 2دن میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ ان بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں ، راوی چناب اور ستلج میں طغیانی بڑھ سکتی ہے۔

راولپنڈی میں صبح ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کر دیا،نشیبی علاقے میں پانی کھڑا ہو گیا ،راولپنڈی کی انتظامیہ حرکت میں آگئی،واسا کی ٹیمیں بھی  مختلف مقامات پر جہاں پانی کھڑا تھا ان کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ڈی سی راولپنڈی کی طرف سے نالہ لئی کے اوپر دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے،نالہ لئی سمیت 11 برساتی نالوں پر دفعہ 144 کو 11 جولائی تک نافذ کیا گیا ہے،نالہ لئی میں تعمیراتی ملبہ اور گھریلو کوڑا کرکٹ پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،بارشوں کے دوران نالہ لئی سمیت برساتی نالوں میں نہانے اور تیراکی پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں آج رات گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کےمطابق ساہیوال، جہلم ، اٹک ،چکوال میانوالی ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش متوقع جبکہ بہاولنگر،نارووال، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد بھکر اور لیہ میں بھی بادل برسیں گے۔ملتان ، ڈی جی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، اور تونسہ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہو گی۔اسی دوران لاہور ، گوجرانوالہ، روالپنڈی، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ساہیوال ، نارووال ، قصور ، چکوال ،اٹک ،جہلم اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی موسلادھار بارش کا امکان  ہے اور ملتان، بہاولپور ، ڈیرہ غازی خان ، وہاڑی ،لیہ، بھکر، اور راجن پور میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے جبکہ تمام متعلقہ اپنے انتظامات مکمل رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار رہیں۔

پی ڈی ایم اےکے مطابق شہری بارش کے دوران جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔مسافر حضرات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں۔بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جائیں،برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں۔ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحتی مقام کمراٹ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے موسم سرد ہوگیا، علاقے میں کل تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے۔