ایک نیوز: سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف آج پاکستان بھر میں یوم تقدیس قرآن منایا جائے گا۔
کراچی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ آج شہر کی مارکیٹیں دوپہر 2 سے 4 بجے تک احتجاجاً بند رکھی جائیں گی۔
یوم تقدیس کے موقع پر تاجر برادری کا مرکزی احتجاج سہ پہر 3 تا 4 بجے ریگل چوک صدر میں ہوگا۔
کراچی کی تمام مارکیٹوں میں پرامن مظاہرے ہوں گے اور قرآن کریم کی تلاوت کی جائے گی۔
شہباز شریف کا ٹوئٹ:
شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میرے اہل وطن! بات ہو قرآن کی تو قوم ایک ہے۔ سانحہ سویڈن پر پوری امتِ مسلمہ مضطرب ہے۔
میرے اہل وطن!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 7, 2023
بات ہو قرآن کی تو قوم ایک ہے۔
سانحہ سویڈن پر پوری امتِ مسلمہ مضطرب ہے۔
ایک بد بخت کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے کے لئے یوم تقدیس قرآن کے عنوان سے آج ہم سب یک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے اور بعد از…
انہوں نے لکھا کہ ایک بد بخت کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے کے لئے یوم تقدیس قرآن کے عنوان سے آج ہم سب یک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے اور بعد از نماز جمعہ پاکستانی مسلمانوں کے تمام طبقات ناموسِ قرآن کا پرچم اٹھا کر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
ٹوئٹ کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ قرآن ہمارے قلب میں ہے۔ قرآن ہمارے لیے صرف قرات نہیں بلکہ جینے کا قرینہ ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے 7 جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانے اور سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا جبکہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سوئیڈن میں قرآن مجید کی توہین کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
خیال رہے کہ 28 جون کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
مقامی پولیس کی سخت سکیورٹی میں عراقی شہری نے مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔
قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں، مراکش نے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا ہے۔