آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا: عمران خان

Jul 07, 2022 | 22:00 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی صورتحال پر سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن پر ہر ایک سے بات کرنے کو تیار ہیں، الیکشن پر جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے کہ وہ ملک کا کیا حال کردیں گے، مجھے اپنی نہیں ملک کی فکر ہے، آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہیں ان کیلئے آواز بلند کر رہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ،آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے لاہور کے حلقے پی پی 158 کے علاقے دھرمپورہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ دھرم پورہ میں پہلی بار آیا ہوں، میں نے26سال چند لوگوں کے ساتھ سیاست شروع کی، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ان لوٹوں کو ہم نے شکست دینی ہے، نوجوانوں یہ الیکشن ہم نے جیتنا ہے،یہ کوئی اقتدار کی نہیں بلکہ ہم سب کی جنگ ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوٹوں کو ہم نے شکست دینی ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے ہوتے ہوئے اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں،نوجوان یہ الیکشن ہم نے جیتنا ہے۔ یہ لوگ30سال سے ملک پر ڈاکے مار رہے ہیں، ہم نے ان غداروں کا مقابلہ کرنا ہے، ای وی ایم مشین استعمال سے دھاندلی ختم ہو سکتی ہے، بھارت اور ایران میں ای وی ایم مشین استعمال ہو رہی ہے، آپ نے آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے ہار نہیں ماننی، اس الیکشن میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہوگا۔

اس سے قبل ضمنی انتخاب کے حوالے سے شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 140 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا خاندان سیاست میں نہیں تھا، میں گھر سے اکیلا نکلا تھا آہستہ آہستہ قافلہ بڑھتا گیا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو سارے پاکستان میں ہے، مجمع دیکھ کر اپنے امیدوار کو مبارک دیتا ہوں وہ الیکشن جیت گئے ہیں، کوئی لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، کسی رنگ کا لوٹا اس جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لوٹوں پر بڑے نوٹ خرچ کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں