پاک فوج نے نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ،آئی ایس پی آر

Jul 07, 2022 | 19:21 PM

Suhail Ahmad
ایک نیوز نیوز: پاک فوج کی جانب سے نانگا پربت میں پھنسے دونوں کوہ پیماؤں کو ہائی رسک ریسکیو آپریشن کے بعد باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے نانگا پربت میں پھنسے ہوئے دونوں کوہ پیماؤں کو کامیابی سے ریسکیو کرلیا۔
اس سے قبل ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ نانگا پربت پر پھنسے 2 کوہ پیماؤں کو بچانے کیلئے ہائی رسک ریسکیو آپریشن جاری ہے، جہاں خراب موسم کے باوجود آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے 2 پروازیں کیں۔
ریسکیو آپریشن میں آرمی ایوی ایشن کے دستے کے علاوہ انتہائی بلندی پر موجود پورٹرز اور ریسکیورز نے بھی حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوہ پیما 21 ہزار فٹ کی بلندی پر کیمپ 3 میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ شہروز کاشف اور فراز علی نانگا پربت سر کرنے کے بعد واپسی پر لاپتا ہوگئے تھے۔ جس کے بعد دونوں کوہ پیماؤں کی لوکیشن ٹیلی اسکوپ پر ٹریس کی گئی۔ اس وقت دونوں کیمپ نمبر چار سے تین کی طرف گامزن تھے۔ دونوں کوہ پیما اپنی مدد آپ کے تحت رات گزارنے کے بعد کیمپ تھری پر پہنچ رہے تھے۔
شہروز کاشف نے منگل کی صبح ہی نانگا پربت کی چوٹی سر کی تھی اور ان کے والد کے مطابق واپسی کے سفر کے دوران وہ کیمپ فور سے ذرا آگے راستہ بھول جانے کے سبب پھنس گئے تھے، شہروز کاشف کے والد نے اپنے بیٹے کو ریسکیو کرنے کے لیے پاکستان کے آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز، 8000 میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے آٹھ کو سر کر چکے ہیں اور ا ب ان کا مشن باقی چوٹیوں کو ڈیڑھ سال کے اندر اندر سر کرنا ہے۔
مزیدخبریں