ڈی پی او عرفان اللہ خان کے مطابق آج صبح 10:45بجے مردان شہر سے متصل پولیس چوکی چمتار میں دھماکہ ہوا، نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس چوکی کے پل کے نیچے بارودی مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں حوالدار مقصود موقع پر شہید جبکہ اے ایس آئی سہیل، کانسٹیبل کریم سمیت دوعام شہری بھی دھماکے کی زد میں آکر زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں۔ شہید اور زخمیوں کو ایم ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے سے پولیس چوکی کو نقصان پہنچا جبکہ آواز دور دور تک سنی گئی۔
ڈی پی او عرفان اللہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔