یوکرین کے فوجی حکام کے مطابق ڈونیٹسک شہر اور قریبی آبادی والے علاقوں پر بھی شدید گولہ باری کی جارہی ہے۔ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ مقامی گورنر نے کہا ہے کہ ڈونیٹسک میں 3 لاکھ 50 ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں ۔
روسی فوج نے لوہانسک کے قریبی شہر سلوویانسک کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ سلوویانسک کے میئر کا کہنا ہے کہ شہر پر گزشتہ دوہفتے کے دوران روسی حملوں میں 17 افراد مارے جا چکے ہیں۔
روس نے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر بھی میزائل حملے کئے۔ ایک میزائل لگنے سے یونیورسٹی کی عمارت کے مرکزی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ۔
ادھر روس نے مشرقی یوکرین میں امریکا کی طرف سے فراہم کیا گیا ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم تباہ کر دیا۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوج کے ایک اسلحہ ڈپو کو بھی تباہ کر دیا گیا تاہم یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے روسی دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی ہتھیار محفوظ ہیں اور ہماری فوجیں روس کو شمالی ڈونیٹسک سے باہر روکے ہوئے ہیں۔