دلیپ کمار کے انتقال پر پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کا دکھ و افسوس کا اظہار

دلیپ کمار کے انتقال پر پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کا دکھ و افسوس کا اظہار
اسلام آباد : لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی وفات پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے بھی دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں دلیپ کمار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ وہ شوکت خانم اسپتال کی تعمیر کے لیے دلیپ کمار کے وقت اور فنڈز اکھٹا کرنے میں مدد کرنے کی وجہ سے انہیں کبھی نہیں بھول سکتے ۔



وزیراعظم نے کہا کہ کینسر اسپتال کی تعمیر کے آغاز کا وقت ایک مشکل وقت تھا لیکن پاکستان اور لندن میں دلیپ کمار کی موجودگی کی وجہ سے خطیر فنڈ جمع ہوجایا کرتا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے بالی وڈ لیجنڈ کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کی نسل کیلئے دلیپ کمار سب سے بڑے اور انتہائی ورسٹائل اداکار ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی کا دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں دلیپ کمار خاندن کے ساتھ ہیں دلیپ کمار عاجز ،پروقار اور بہترین شخصیت کے مالک تھے-



قائدحزبِ اختلاف شہباز شریف کا دلیپ کمار کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دلیپ کمارکا فنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے ، دلیپ کمارنےفلموں میں ناقابل فراموش کردارنبھائے، دلیپ کمارکی بعض فلموں کوجتنی شہرت ملی کسی اورکو نہ مل سکی،پاک بھارت اچھےتعلقات کےلیے کوششیں ان کی امن پسندی کامظہر تھیں دلیپ کمارنےبطوررکن پارلیمان پاک بھارت تعلقات کےلیےکوششیں کیں-



وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے سنہری باب کا خاتمہ ہے ، دنیا بھر میں جہاں جہاں اردو زبان سمجھی اور بولی جاتی ہے دلیپ ان تمام لوگوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔



وزیر داخلہ شیخ رشید نے اداکار دلیپ کمار کی وفات پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ملاقاتوں میں بھی دلیپ کمار کو ایک سحر انگیزشخصیت پایا ، دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے،انکا متبادل ممکن نہیں-



واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔