ایران : حجاب کی خلاف ورزی پر خاتون کو 74 کوڑوں کی سزا

Jan 07, 2024 | 21:50 PM

ویب ڈیسک: ایران میں 33 سالہ خاتون کو نامناسب لباس پہننے اور حجاب درست طریقے سے نہ کرنے پر 74 کوڑوں مارنے کی عدالتی سزا پر عمل درآمد کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کی ایک عدالت نے رویا ہیشمتی نامی خاتون کو یہ سزا عوامی مقام پر سر عام اخلاقی حدود کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں سنائی تھی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ مذکرہ خاتون نے عوامی مقامات پر لباس کوڈ کا خیال نہیں رکھا جس کا شریعت اور ایرانی تہذیب تقاضا کرتی ہے۔
دوسری جانب ناروے کی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ کرد خاتون رویا ہیمشتی ایک ایکٹویسٹ ہیں اور انھیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی ایسی تصویر شیئر کرنے پر گرفتار کیا گیا جس میں انھوں نے اسکارف نہیں پہنا ہوا تھا۔
ناروے کی این جی او کے مطابق ایرانی عدالت نے رویا ہیمشتی کو ایک سال قید کی سزا بھی سنائی تھی تاہم اس سزا کو معطل کردیا گیا تھا جب کہ ان پر 3 سال تک ایران چھوڑنے پر بھی پابندی ہے۔
یاد رہے کہ حجاب قانون کے تحت کرد خاتون کو کوڑوں کی سزا اُس وقت دیی گئی ہے جب ملک میں 2022 کے آخر میں مھسا امینی نامی کرد لڑکی حجاب درست طریقے سے نہ کرنے پر اخلاقی پولیس کی حراست میں ہلاکت پر مظاہرے اب بھی جاری ہیں۔

مزیدخبریں