بانی پی ٹی آئی کا آرٹیکل کیسے باہر پہنچا ،جیل حکام نے بتادیا 

بانی پی ٹی آئی کا آرٹیکل کیسے باہر پہنچا ،جیل حکام نے بتادیا 
کیپشن: بانی پی ٹی آئی کا آرٹیکل کیسے باہر پہنچا ،جیل حکام نے بتادیا 

ویب ڈیسک:بانی تحریک انصاف عمران خان کا آرٹیکل جیل سے باہر کیسے پہنچا ؟جیل حکام کا موقف بھی سامنے آگیا۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان کا آرٹیکل جیل سے نہیں نکلا، آرٹیکل چھپنے کے بعد جیل حکام نے معاملے کی چھان بین کی تھی ۔ جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملنے والوں کا مکمل اسکین کیا جاتا ہے ان کی مکمل ریکارڈنگ ہوتی ہے ۔عمران خان سے ملاقات کرنیوالوں کی مکمل چیکنگ ہوتی ہے ۔ایس او پیز کے تحت ملاقات کرنیوالے خالی ہاتھ آتے ہیں خالی ہاتھ جاتے ہیں ۔فاروق نذیر کےمطابق تحریری آرٹیکل جیل سے باہر جاتا تو بڑی کارروائی ہوچکی ہوتی ۔

دوسری جانب  نگراں حکومت نے برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے آرٹیکل کے شائع کیے جانے پر ایڈیٹر سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج، ہم دی اکانومسٹ کے ایڈیٹر کو عمران خان کے ایک مبینہ مضمون کے بارے میں لکھ رہے ہیں جو شائع کیا گیا۔ یہ بات حیران کن اور پریشان کن ہے کہ ایسے نمایاں میڈیا نے ایک ایسے فرد کے نام سے مضمون شائع کیا جو جیل میں ہے اور اسے سزا ہو چکی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ ’اخلاقی معیارات کو برقرار رکھنا اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’ہم جاننا چاہیں گے کہ دی اکانومسٹ کی جانب سے مضمون کی اشاعت کے حوالے سے ادارتی فیصلہ کیسے کیا گیا۔‘
’شائع کیے گئے مواد کی قانونی حیثیت اور اعتبار کے لیے کن باتوں کو مدنظر رکھا گیا۔ کیا اکانومسٹ نے دنیا کے کسی اور حصے سے جیل میں بند سیاست دانوں کے گھوسٹ آرٹیکل شائع کیے ہیں؟‘
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’اگر جیل میں قید مجرم میڈیا کو لکھنے کے لیے آزاد ہوتے تو وہ اپنی یک طرفہ شکایات کو نشر کرنے کے لیے ہمیشہ اس موقعے کا استعمال کرتے۔‘
جمعرات کو بین الاقوامی جریدے نے سابق پاکستانی وزیراعظم کا مضمون شائع کیا تھا جس میں عمران خان نے اگلے عام انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات ظاہر کیے۔