ایک نیوز: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 127 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاہور کسی کھلاڑی اور بزنس مین کا شہر نہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شہر ہےاور میں اپنے شہر سے الیکشن لڑرہا ہوں، آپ نے گھر گھرپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں، ہم پوچھتے ہیں وہ کیوں آئے تھے، وہ ضیاالحق اور حمید گل کی وجہ سے یہاں پر مسلط ہوئے، تو کبھی فیض کی وجہ سے اس شہر پرمسلط ہوئے، لیکن ہم کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارےعوامی منشور میں 10 نکات ہیں، اور میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کر کے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کریں گے، ہم عوام کی تنخواہیں اور آمدنی کو ڈبل کریں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے اور مفت تعلیم دیں گے،سندھ کےشہروں کی طرح ملک بھرمیں مفت صحت کاعلاج دیں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بدر کو این اے 127 کا کمپین انچارج مقرر کردیا۔