ویب ڈیسک: کرکٹر احمد شہزاد نے کہا ہے کہ میں بلوچستان کے لوگوں کے لیے بڑھ چڑھ کر کام کرنا چاہتا ہوں۔
کوئٹہ میں نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی اور احمد شہزاد نے ایک ساتھ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر احمد شہزاد نے کہا کہ کوئٹہ کے لوگوں سے جو پیار ملا وہ کہیں نہیں ملا، یہ پیار زندگی بھر ساتھ رہے گا، کرکٹ اکیڈمی لانا چاہتا ہوں جس کے لیے حکومتِ بلوچستان کی مدد کی ضرورت ہوگی۔
احمد شہزاد نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بہت صلاحیت ہے، مواقع کی کمی رہی ہے، انشاء اللّٰہ آنے والے دنوں میں اپنی اکیڈمی لانا چاہتا ہوں، مجھے اپنی اکیڈمی کے لیے زمین اور انفرا اسٹرکچر کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی یہاں سے زیادہ سے زیادہ پلیئرز پی ایس ایل میں کھیلیں، ہمیں یہاں سے کرکٹ کے سپر اسٹارز نکالنے ہیں، کوئٹہ میں کرکٹ کے لیے جو ہوسکا وہ کروں گا۔
اس موقع پر نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ احمد شہزاد کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔