ویب ڈیسک: خیبر پختونخواکے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی ) آپریشنز کیلئے ایک ارب روپے کے فوری سبسڈی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے بی آر ٹی آپریشنز کے فنڈز کیلئے محکمہ خزانہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوری ایک ارب روپے جاری کیے جائیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق سبسڈی فنڈز نومبر 2023 سے فروری 2024 تک جاری کیے جانے تھے، فنڈز سے بی آر ٹی کے بلاتعطل آپریشنز ممکن ہوں گے۔
لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وینڈرز کے بڑھتے بقایاجات کو مدنظر رکھتے ہوئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر ادا کیے جائیں۔
دوسری جانب نگران صوبائی وزیر خزانہ احمد رسول بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ بی آر ٹی کو 2 مرتبہ پہلے بھی فنڈز دیے ہیں مزید پیسے بھی دے دیں گے۔
نگران صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بی آر ٹی عوامی مفاد کا منصوبہ ہے اسے رکنے نہیں دیں گے۔