ایک نیوز: کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت وادی کوئٹہ کے پہاڑوں، زیارت اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے تاہم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اتوار سے بارش اور برفباری کا نیا اسپیل داخل ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کے نئے اسپیل سے نوشکی، چاغی، تربت، گوادر اور کیچ سمیت پنجگور میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ کوئٹہ، قلات، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی اور کان مہتر زئی میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں پارا منفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک ڈگری تک گرگیا، لاہور سمیت پنجاب میں شدید سردی کے ساتھ دھند کا راج بھی برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جنوری میں راتیں مزید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔
پشاور میں دھند کی لہر بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ سرد اور خشک موسم کے باعث انفلوائنزا وائرس بھی متحرک، کراچی اور پشاور کے اسپتالوں میں سردی کے باعث مریضوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے۔