ویب ڈیسک:سائنس کی کمال ایجاد،آوازکی پرائیویسی والاایک عجیب وغریب ماسک دریافت کرلیاہے۔
تفصیلات کےمطابق اگرآپ چاہتےہیں کہ آپ کی گفتگوآپ کےدوست یاپارٹنرکےعلاوہ کوئی نہ سنےتواس کاحل بھی آگیاہے۔
تصور کریں کہ آپ کے اردگرد متعدد افراد بیٹھے ہیں اور آپ نے اپنے کسی دوست یا رشتے دار سے ایسی بات کرنی ہے جو دنیا کو نہیں بتانا چاہتے، تو ایسی صورت میں کیا کریں گے؟
اس کا حل ہائیبرڈ سائیلنٹ ماسک یا موبیلٹی پرائیویسی ماسک کی شکل میں سامنے آیا ہے۔
لاس ویگاس میں آئندہ ہفتے شروع ہونے والی کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر فرانس سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی اسکائی ٹیڈ نے یہ منفرد ڈیوائس متعارف کرائی ہے۔
کمپنی کے مطابق ماسک کی طرح پہنے جانے والی یہ ڈیوائس پرہجوم مقامات جیسے طیاروں، ٹرینوں یا دیگر میں وائس فریکوئنسیز کو جذب کرلیتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ ڈیوائس ایسے افراد کے لیے بہترین ہوگی جو اپنی بات چیت دیگر افراد کے کانوں تک پہنچنے سے روکنا چاہتے ہیں۔
اس ماسک کا وزن 220 گرام ہے اور اسے آواز دبانے والے میٹریل سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ میٹریل بنیادی طور پر جیٹ طیاروں کے انجنوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس ماسک کو اسمارٹ فون ایپ سے منسلک کیا جاسکتا ہے تاکہ فون پر بات کرتے ہوئے ماسک ہٹانے کی ضرورت محسوس نہ ہو۔
یہ ایپ بولنے والے کی آواز کی گونج کا تخمینہ بھی لگاتی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈیوائس بولنے والے کی آواز کو 80 فیصد تک چھپا لیتی ہے جبکہ اردگرد کے شور میں بھی بولنے والے کی آواز کو بڑھا کر دوسری جانب منتقل کرتی ہے۔
کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سے بچے شور کیے بغیر گیمز کھیل سکیں گے، مگر یہ واضح نہیں کیا کہ ایسا کس طرح ہوگا۔
اس ماسک کی قیمت 299 ڈالرز رکھی گئی ہے۔