ویب ڈیسک:بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان ایم ایس دھونی کےساتھ کروڑوں کافراڈہوگیا،کھلاڑی نےاپنےبزنس پارٹنرزکےخلاف مقدمہ درج کرادیا۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان و وکٹ کیپرایم ایس دھونی نے اپنے بزنس پاٹنرز کے خلاف کروڑوں روپے کے فراڈ کا کیس دائر کردیا۔
بھارتی میڈیاکےمطابق سابق کپتان ایم ایس دھونی نے اپنے دو سابق کاروباری شراکت داروں کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کیا جس میں دھونی نے الزام عائد کیا ہےکہ ان کے بزنس پارٹنرز نے کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کے معاہدے کی پاسداری نہ کرکے ان کے ساتھ تقریباً16 کروڑ بھارتی روپے کا فراڈ کیا ہے۔
دھونی کے وکیل دیانند سنگھ نے کہا کہ یہ مقدمات مقامی عدالت میں ایک اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کے2 ڈائریکٹرز میہر دیواکر اور سومیا بسواس کے خلاف درج کرائے گئے ہیں۔
دھونی کے وکیل نے مزیدکہا کہ ملزمان نے2017 میں بھارت اور بیرون ملک کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کے لیے دھونی سے رابطہ کیا تھا اور ابتدائی طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ کرکٹر کو پوری فرنچائز فیس ملے گی اور یہ منافع دھونی اور شراکت داروں کے درمیان70 اور30 فیصد کی بنیاد پر بانٹا جائے گا لیکن دونوں شراکت داروں نے سابق کرکٹر کے علم میں لائے بغیر کرکٹ اکیڈمیاں بنائیں اور ایم ایس دھونی کو کوئی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔
دھونی کے وکیل کا کہنا تھا کہ معاہدے کی خلاف ورزی پر دونوں شراکت داروں کو دو مرتبہ قانونی نوٹس بھیجا جاچکا ہے جب کہ فوجداری مقدمہ27 اکتوبر2023 کو درج کیا گیا تھا۔