بظاہر معمولی نظر آنے والی پیٹرولیم جیلی کےحیرت انگیزکمالات!

Jan 07, 2024 | 03:57 AM

ویب ڈیسک:اکثرپیٹرولیم جیلی کا استعمال جِلد کی نمی بڑھانے کے لیے کیا جا تاہے،خاص طورپرموسم سرمامیں یہ کافی کارآمدہوتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق کچھ چیزیں دیکھنےمیں بہت معمولی ہوتی ہےمگرخصوصیات کےحوالےسےبہت اہم ہوتی ہےپیٹرولیم جیلی کاشماربھی ان چیزوں میں ہوتاہےجوبظاہرمعمولی نظرآتی ہےمگرموسم سرمامیں اتنی کارآمد ہوتی ہے کہ آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
یہ بنیادی طور پر منرلز آئلز اور موم کے امتزاج سے بنتی ہے۔اسے 1859 میں دریافت کیا گیا تھا اور جب سے اس میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔
اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
زخم بھرنے میں مدد ملتی ہے
پیٹرولیم جیلی ڈیڑھ سو برسوں سے دنیا بھر میں فروخت کی جا رہی ہے اور جب سے ہی جِلدی امراض کے ماہرین کی فیورٹ ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جِلد میں پانی کو ایک جگہ مرکوز رکھتی ہے۔یہ زخموں کے لیے اچھا ہوتا ہے کیونکہ انہیں بھرنے کے لیے نمی کی ضرورت ہوتی ہے اور زخم دوگنا تیز ی سے بھرتا ہے۔
پیٹرولیم جیلی سے نئے زخم کی سرخی بھی کم ہوتی ہے اور انفیکشن کا خطرہ کم ہوتا ہے، جبکہ اسے لگانے سے جلن بھی نہیں ہوتی۔البتہ اگر سورج کی تپش سے جِلد جل گئی ہے تو پھر اسے استعمال کرنے سے گریز کریں۔
چنبل یا خارش کی شدت میں کمی
اگر جِلد بہت زیادہ خشک ہو جائے تو وہ پھٹ جاتی ہے اور بیکٹریا کی افزائش ہونے لگتی ہے۔پیٹرولیم جیلی سے جِلد کو فائدہ ہوتا ہے اور ادویات زیادہ بہتر کام کرنے لگتی ہے۔اس کے استعمال سے ورم میں کمی آتی ہے جبکہ جِلد کی نمی برقرار رہتی ہے جس سے خارش کم ہو جاتی ہے۔
ڈائیپر سے ہونے والے دانوں یا ریش کا علاج
پیٹرولیم جیلی سے جِلد کو باہری اشیا سے تحفظ ملتا ہے۔بچوں کو اگر ڈائیپر کے استعمال سے ریش کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تو پیٹرولیم جیلی کا استعمال کریں۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم جیلی اس مسئلے کی روک تھام کے لیے ایک سستا اور مؤثر طریقہ ہے۔
جِلد کو سرد موسم کے اثرات سے تحفظ
پیٹرولیم جیلی سے جِلد کو سرد موسم اور ہوا سے مضر اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔سرد موسم میں باہر نکلنے سے قبل اسے جِلد پر لگالیں، اگر ناک بہہ رہی ہے تو ناک کے نیچے معمولی مقدار میں پیٹرولیم جیلی کو لگالیں۔
آنکھوں کی نمی بحال کرے
ہماری آنکھوں کے اردگرد کی جِلد بہت پتلی ہوتی ہے اور اسی وجہ سے جلد خشک بھی ہو جاتی ہے۔پیٹرولیم جیلی کے استعمال سے آنکھوں کی نمی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے، لیکن آنکھوں کے اندر لگانے سے گریز کریں۔
ناخنوں کے لیے بھی مفید
پیٹرولیم جیلی ناخنوں کے لیے بھی مفید ہے۔اگر ناخن کمزور یا بھربھرے ہوگئے ہیں تو ان میں پیٹرولیم جیلی کو بھرنے سے اس مسئلے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بالوں کی چمک بحال کرے
سورج کی روشنی اور ہوا سمیت ناقص معیار کے پانی سے بال خشک اور بے جان ہو جاتے ہیں۔پیٹرولیم جیلی کے استعمال سے بالوں کی چمک بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اس مقصد کے لیے پیٹرولیم جیلی کی معمولی مقدار کو بالوں کے سرے میں لگالیں۔
پرفیوم کی خوشبو دیر تک برقرار رکھیں
پیٹرولیم جیلی کی کچھ مقدار کلائی، گردن یا نبض پر لگا کر پرفیوم کا استعمال کریں۔پیٹرولیم جیلی کی چکنائی مہک کو زیادہ وقت تک برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں