ایک نیوز :میرپورخاص میں سستا آٹا لینے کیلئے آنے والا 7 بچوں کا باپ بھگدر مچنے سے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق مالہی کالونی کا 40 سالہ مزدور ہرسنگھ کولہی گلستان بلدیہ میں ضلع انتظامیہ کہ جانب سے قائم سستا آٹے کے اسٹال پر آٹا لینے کیلئے پہنچا جہاں پر رش کی باعث ہلڑ بازی اور دھکم پیل کی وجہ سے دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ورثاء نے لاش پریس کلب کے سامنے رکھ کر احتجاج شروع کردیا۔مظاہرین اور ورثاء نے محکمہ خوراک اور ملز مالکان پر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔
گلشی کولہی مزدور تھا، 7 بچوں کی بھوک مٹانے وہ سرکار کی سخاوت، خوراک کھاتے کی کرپشن کو چھپانے کے لیے سستے آٹے کے لگائے ہوئے اسٹال سے 5 کلو آٹا لینے ہجوم میں داخل تو ہوگیا لیکن رش کی وجہ سے گر کر ماراگیا۔۔۔۔بچے اس کے آنے کا انتظار کرتے رہ گئے ۔۔۔ pic.twitter.com/fRF7cKd0xO
— Dr. Nazia Memon (@NaziaMemon01) January 7, 2023
واضح ہے کہ پاکستان میں اس وقت آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور جنوری کے 5 دنوں میں آٹے اور گندم کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایک کلو آٹا 160 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے جس نے شہریوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
سستے آٹے کے حصول کیلئے عوام سڑکوں پر دربدر ہو رہے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے سستا آٹا اسٹال لگائے جارہے ہیں لیکن جب کسی مقام پر سستا آٹا فروخت کیا جاتا ہے تو عوام ٹوٹ پڑتے ہیں اور ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
پنجاب میں بھی آٹے کے بحران نے وزیرِاعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو بھی پریشان کردیا۔وزیرِاعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری فوڈ اور ڈائریکٹر کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوٹہ بڑھایا، امدادی قیمت بڑھائی پھر بھی یہ حال کیوں ہے؟
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام آٹے سے پریشان ہیں اور واویلا کر رہے ہیں، ہم نے لوگوں سے گُڈ گورننس کے وعدے کر رکھے ہیں، آپ دفتروں میں بیٹھے کیا کارکردگی دکھا رہے ہیں۔چودھری پرویز الہیٰ نے ہدایت کی کہ آٹے کی فراہمی کو فوری معمول پر لایا جائے۔ جس کے بعد ڈائریکٹر فوڈ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلا لیا۔