پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کی تیاری مکمل کرلی

Jan 07, 2023 | 16:16 PM

ایک نیوز: پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس 9 جنوری کو ہونے جارہا ہے۔ جس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کے ووٹ کے دشوار مرحلے کا سامنا ہوگا۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے تخت لاہور پر حکمرانی مکمل رکھنے کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور عمران خان کے درمیان براہ راست رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں پارٹیوں نے ناراض  اراکین سے ملاقاتوں کا دور مکمل کر لیا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے بھی اعتماد کا ووٹ ناکام بنانے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کی ایم پی اے زہرا نقوی نے بھی عمران خان سے ملاقات میں ووٹ پرویز الہٰی کو دینے کی یقین دہانی کروادی ہے۔ عمران خان آزاد رکن بلال وڑائچ اور ناراض صوبائی وزیر حسنین دریشک سے بھی مل چکے ہیں۔  

اس کے علاوہ عمران خان کی صوبائی وزیر خیال کاسترو سے بھی زمان پارک میں ملاقات متوقع ہے۔ عمران خان اعتماد کے ووٹ کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سے بھی تین ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ 9 جنوری کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں اعتماد کا ووٹ شامل نہیں۔ 

مزیدخبریں