مونس الہٰی کا قریبی ساتھی اغواء، وزیراعلیٰ کا نوٹس،پولیس کی دوڑیں لگ گئیں

مونس الہٰی کا قریبی ساتھی اغواء، آئی جی پنجاب کا نوٹس، پولیس کی دوڑیں لگ گئیں
کیپشن: Abduction of Monis Elahi's close associate, notice of IG Punjab, police race started(file photo)

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایک دوست کو کچھ افراد نے اٹھا لیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مونس الٰہی نے لکھا کہ کل میرے ایک دوست کو کچھ لوگوں نے 2 گاڑیوں میں اٹھا لیا۔

سوشل میڈیا پر واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مونس الٰہی نے لکھا کہ ایف آئی اے والے قسمیں کھاتے ہیں کہ انہوں نے نہیں اٹھایا، کچھ دن بعد اسے ایف آئی اے پہنچایا جائے گا اور مجبور کیا جائے گا پرچہ دو۔

سابق وفاقی وزیر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ لوگوں کو سمجھ نہیں آتی کہ ہم نے پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ملنا۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا۔ آٸی جی پنجاب عامر ذوالفقار نے سی سی پی او غلام محمودڈوگر سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ جس کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اورلاہور ڈی آٸی جی آپریشن لاہور افضال کوثر، ڈی آٸی جی انویسٹی گیشن لاہور اطہر اسماعیل سمیت تمام لاہور پولیس مغوی کو بازیاب کروانے میں لگ گٸی۔

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے آٸی جی پنجاب سمیت لاہور پولیس کے اعلی افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ 

مونس الہیٰ کے قریبی ساتھی کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق گارڈن ٹاؤن کا رہاٸشی احمد فاران خان اپنے گھر سے فارچیونر گاڑی پر ڈراٸیور امتیاز کے ہمراہ نکلا تھا۔ گارڈن ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن موڑ کی جانب ویگو ڈالے پر چھ سے سات مسلح افراد نے گاڑی روک کر احمد فاران خان کو اغواء کر لیا۔ جاتے ہوٸے اغواء کار لاٸسنسی راٸفل بھی ساتھ لے گٸے۔

متن کے مطابق ڈراٸیور نے موباٸل فون کے ذریعے مغوی کے بھاٸی سلمان ظہیر خان کو اطلاع دی جو موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی۔ تھانہ گارڈن ٹاؤن میں مغوی احمد فاران خان کے بھاٸی سلمان ظہیر کی مدعیت میں اغواء اور چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 66/23درج کر لیا۔