76 فیصد پاکستانی الیکشن 2024ء کے نتائج کو تسلیم کرینگے، سروے

Feb 07, 2024 | 19:19 PM

ویب ڈیسک :عام انتخابات کے نتائج عوام قبول کریں گے یا نہیں ؟ اس حوالے سے  اپسوس (Institut Public de Sondage d'Opinion Secteur) اور پاکستان پلس کی جانب سے نیا سروے جاری کردیا گیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق ہر 4 میں سے 3 پاکستانی انتخابی نتائج قبول کرنے کو تیار ہیں۔ تازہ سروے میں 76 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم کریں گے۔انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کے اعتبار سے کیے گئے جائزے میں پیپلز پارٹی کے 94 فیصد، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی کے 87 اور پی ٹی آئی کے 67 فیصد ووٹرز نے کہا ہے کہ وہ 8 فروری کو ہونے والےعام انتخابات کے نتائج تسلیم کریں گے۔

مجموعی طور پر 76 فیصد پاکستانیوں نے انتخابات کے ممکنہ نتائج پراطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ صرف 7فیصد کا کہنا تھا کہ وہ نتائج کو قبول نہیں کریں گے۔سروے کےمطابق نتائج تسلیم کرنے پرآمادہ ووٹرز کی زیادہ تعداد یعنی 77 فیصد کا تعلق دیہی علاقوں جبکہ 74 فیصد کا شہری علاقوں سے ہے۔

سروے میں عمر کےلحاظ سے نتائج کی قبولیت کی شرح  عمر بڑھنےکے ساتھ بڑھتی نظر آتی ہے، 18 سے24 سال کے ووٹرز میں سے 72 فیصد نتائج ماننے کو تیار ہیں جبکہ 11فیصد نے مسترد کرنےکا فیصلہ کیا، دوسری جانب 51 سے 65 سال عمر کے ووٹرز میں انتخابی نتائج قبول کرنے کا رجحان 82 فیصد اور نہ ماننے کا رجحان محض 7 فیصد رہا۔

علاقائی سطح  سب سےزیادہ خیبرپختونخوا کے 79 فیصد ووٹرز نتائج قبول کرنےکوتیار ہیں جبکہ نہ ماننے والوں کی شرح صرف 4فیصد ہے۔

مزیدخبریں