ویب ڈیسک:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت کو فروغ دینےسے معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چئیرمین راجہ ناظم الامین کی قیادت میں رائل فاؤنڈیشن آف گلگت بلتستان کے سترہ رکنی وفد نے ملاقات کی۔
نگران وزیراعظم نےمتعلقہ حکام کو گلگت بلتستان میں بجلی کے مسائل کے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے،اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم کے شعبوں میں تمام صوبوں میں طلباء کا کوٹہ بڑھانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی ۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور علاقے میں معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسکردو ائیرپورٹ کو بین الاقوامی حیثیت ملنے کے بعد سے علاقے میں سیاحت میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ گلگت بلتستان کی مجموعی ترقی علاقے میں سماجی ہم آہنگی پر منحصر ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے رائل فاؤنڈیشن آف گلگت بلتستان کی علاقے کی ترقی کے لیے خدمات کی تعریف کی۔
وفد نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں میں بہتری لانے کے لیے تجاویز پیش کیں ۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ گزشتہ سال گلگت بلتستان میں 16 لاکھ سے زائد سیاح آ چکے ہیں۔