شہباز،زرداری سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کی بلوچستان میں دھماکوں کی شدید مذمت

شہباز،زرداری سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کی بلوچستان میں دھماکوں کی شدید مذمت
کیپشن: شہباز،زرداری سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کی بلوچستان میں دھماکوں کی شدید مذمت

ویب ڈیسک:نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی،سابق وزیراعظم شہبازشریف،آصف زرداری ، بلاول بھٹو سمیت اہم سیاسی رہنماؤں نے   بلوچستان   میں دھماکوں کی شدید مذمت  کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پشین میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی  نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،انہوں نے  جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا  کہ   زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے۔اتحاد و اتفاق کی قوت سے اس دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز  

وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز  نے پشین میں  الیکشن آفس کے باہر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے  دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار  کیا ۔ وزیر داخلہ نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر انتخابات کے دوران بدامنی پیدا کر کے پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،  معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے، انتخابات کے دوران امن و امان کے قیام  کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

 سابق وزیراعظم شہبازشریف

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا  کہ  بلوچستان کے علاقوں پشین اور قلعہ سیف اللہ میں افسوسناک دھماکوں میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان کا سن کر انتہائی دکھ اور تکلیف ہوئی۔ الیکشن سے چند گھنٹے پہلے یہ بزدلانہ دہشتگردی کے حملے ہمارے حوصلے پست نہی کر سکتے۔ اللہ پاک شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری  

سابق صدر آصف علی زرداری  نے پشین میں دہشتگردی کی مذمت  کی ہے ، سابق صدر کی جانب سے  انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس  کیا گیا ہے۔

آصف علی زرداری  نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے  زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا  بھی کی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ  پشین میں بم دھماکہ کرنے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے  پشین میں دہشتگردی کی مذمت  کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ  بم دھماکے میں ملوث منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ، محصوم انسانوں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے، وفاقی اور بلوچستان حکومت مجرموں کو بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

بلاول بھٹو زرداری  نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار   کیا ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے  زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔