ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پریذائیڈنگ افسران کو عام انتخابات کے روز فارم 45 سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کےمطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ پریذائیڈنگ افسران فارم 45 پر خود اور پولنگ ایجنٹوں سے دستخط کرائیں گے، دستخط کے بعد پریذائیڈنگ افسران فارم 45 پولنگ اسٹیشن کے باہر آویزاں کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ فارم 45 سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پریذائیڈنگ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ پولنگ سٹیشن پرتعینات پریذائیڈنگ افسر ووٹوں کی گنتی کے بعد فارم 45 پر نتیجہ درج کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم کا وقت ختم ہوچکا ہے، ووٹنگ کل 8 فروری کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔