عام انتخابات2024:ایک دن باقی! پولنگ عملےکوانتخابی سامان کی ترسیل شروع

عام انتخابات2024:ایک دن باقی! پولنگ عملےکوانتخابی سامان کی ترسیل شروع
کیپشن: عام انتخابات2024:ایک دن باقی! پولنگ عملےکوانتخابی سامان کی ترسیل شروع

ایک نیوز:ملک بھر میں عام انتخابات میں محض ایک دن باقی ہے جس کیلئے پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور میں   الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 18 مقامات سے پولنگ سامان متعلقہ افسران کے حوالے کیا  گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر و ایڈیشنل ڈی سی عمر مقبول کی نگرانی میں سامان ہینڈ اوور کیا  گیا۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈی سی لاہور نے تمام ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کیا تھا۔

این اے 117 کیلئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج راوی روڈ شاہدرہ سے مخصوص سامان جاری کیا گیا۔ این اے 118 کیلئے یو ای ٹی اقبال آڈیٹوریم کمپلیکس، این اے 119 کیلئے یو ای ٹی سائنس میوزیم، جبکہ  این اے 120 کیلئے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن رکھ چھبیل مناواں سے سامان کی ترسیل کی گئی۔

اسی طرح  این اے 121 کیلئے گورنمنٹ سٹی ڈسٹرکٹ گرلز ہائی سکول، علامہ اقبال روڈ گڑھی شاھو، این اے 122 کیلئے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول صدر لاہور کینٹ، این اے 123 کیلئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن کاہنہ ،این اے 124 کیلئے ورکرز ویلفیئر ہائیر سیکنڈری سکول فار بوائز نشتر کالونی سے انتخابی سامان کی ترسیل کی گئی۔

این اے 125 کیلئے ورکرز ویلفیئر ہائیر سیکنڈری سکول فار گرلز لیبر کالونی ڈیفینس روڈ ، این اے 126 کیلئے  پنجاب انجینئرنگ اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ ، این اے 127 کیلئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ، این اے 128 کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شہدائے اے پی ایس ماڈل ٹاؤن، این اے 129 کیلئے  پنجاب ریونیو اتھارٹی شاہراہ ایوان تجارت بالمقابل گورنر ہاؤس جبکہ  این اے 130 کیلئے پنجاب ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ پرانی انارکلی سے سامان کی ترسیل کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر  رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ  متعلقہ افسران جاری کردہ اوقات کار میں وصول سامان کی محفوظ منتقلی یقینی بنائیں گے۔   الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام عملے کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ الیکشن تیاریوں کے تمام مراحل میں سکیورٹی اداروں اور انتظامی افسران سے مکمل کوآرڈینیشن کی جارہی ہے۔

راولپنڈی: 
راولپنڈی میں انتخابی سامان کی ترسیل سے متعلق انتظامات مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفتر سے سامان کی ترسیل کی گئی۔ الیکشن سامان کی ترسیل کیلئے ڈی آر او آفس میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ڈی آر او آفس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی۔

پریزائڈنگ افسران الیکشن سامان حاصل کرنے کیلئے ڈی آر او آفس پہنچے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا عملہ بھی ڈی آر او آفس میں موجود تھا۔ لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس سے سامان کی ترسیل کی  گئی۔

ملتان
ملتان کے قومی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں کے پریذائیڈنگ افسران کو سامان فراہم کیا گیا، پولنگ سامان فراہم کرنے کے لیے تین سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

این اے 148، 149، 150 اور 151 کے پریذائیڈنگ افسران کو سامان ملتان پبلک سکول سے فراہم کیا گیاجبکہ این اے 152 کے لیے شجاع آباد اور 153 کے لیے جلالپور پیروالا میں سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ سامان سخت سکیورٹی میں پریذائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جارہا ہے، پولنگ سامان پولیس کی سکیورٹی میں پولنگ سٹیشنز تک پہنچایا گیا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے کہا ہے کہ پولنگ سامان کی ترسیل شام 6 بجے تک مکمل کر لی جائے گی۔

پشاور
پشاور میں بھی انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے کہا کہ پشاور میں 3 مقامات سے پولنگ میٹریل متعلقہ عملے کے حوالے کیا گیا، ٹیکنیکل کالج کوہاٹ روڈ، سپورٹس کمپلیکس اور عیدگاہ سے پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہوگئی۔

ڈی آر او کا کہنا ہے کہ تمام پوائنٹس میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، 1200 سے زیادہ پولنگ سٹیشنز میں میٹریل کی ترسیل مکمل ہوگئی ہے، الیکشن میٹریل کی ترسیل کے لیے ٹرانسپورٹ پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔

مالاکنڈ
مالاکنڈ میں ایک قومی اور 2 صوبائی نشستوں کے لیے انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج اور لیویز کے جوان تعینات ہوں گے۔

بنوں
بنوں میں سپورٹس کمپلیکس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی ہے جبکہ  524 پولنگ سٹیشنوں کے لیے سامان سکیورٹی کی نگرانی میں دیا جا رہا ہے۔

انتخابی مہم کا وقت ختم
دوسری جانب عام انتخابات 2024ء کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق شق 48 اور 49 کے تحت انتخابی مہم 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب ختم ہوئی، انتخابی مہم کا مقررہ وقت گزرنے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر مکمل پابندی ہو گی، مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد انتخابی تشہیر کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ ڈے پر بھی انتخابی مہم یا ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا حوصلہ شکنی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، انتخابی عمل تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہو گی، میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد رزلٹ نشر کر سکے گا۔

واضح طور پر بتانا ہو گا کہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، آر اوز پولنگ سٹیشنوں کا مکمل غیر حتمی نتیجہ جاری کریں گے، ڈسٹرکٹ اینڈ ریٹرنگ افسران و پولیس ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی پابند ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی غیر قانونی تصور ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہو گئی ہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں گی، کل 8 فروری کو پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، پولنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ووٹ کاسٹ
ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے ووٹرز کے پاس اصلی شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا۔

ووٹرز پولنگ سٹیشن کی معلومات کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔