ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جامع جمہوری عمل کو فروغ دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے جس کی ضمانت اپنے قوانین اور آئین میں دی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ تنظیم سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے خلاف تشدد کی تمام کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے اور حکام پر زور دیتی ہے کہ وہ بامعنی جمہوری عمل کے لئے ضروری بنیادی آزادی کو برقرار رکھیں۔
ووٹنگ سے قبل سیاسی جماعتوں کے ارکان کے خلاف تشدد کے کم از کم 24 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے حکام سے اپیل کی تھی کہ وہ مکمل طور پر آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کو یقینی بنائیں اور جمہوری عمل کے لیے دوبارہ عزم کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انتخابی قوانین کے مطابق 8 فروری کو انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام منصفانہ ٹرائل اور مناسب طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ انتخابی عمل میں کسی بھی شکایت کی صورت میں قانونی حل موجود ہیں۔