نگران وزیراعلیٰ کا ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کرنے کا حکم

نگران وزیراعلیٰ کا ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کرنے کا حکم
کیپشن: Caretaker Chief Minister's order to end deli quota for traffic challan(file photo)

ایک نیوز: ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام۔ لائسنسنگ سنٹرز کے اوقات کار بڑھادیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹریفک چالان کا ڈیلی کوٹہ بھی ختم کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔ جس کے تحت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنیکا ڈیلی کوٹہ ختم کردیا گیا ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ نے لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء آسان بناتے ہوئے لائسنسنگ سینٹرز کو 2 شفٹس میں کام کرنے کی ہدایت کردی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اوراتوار کو بھی اوپن رہیں گے جبکہ لاہورکے علاقے لبرٹی کا سینٹر 24 گھنٹے شہریوں کے لائسنس بنائے گا۔ اجلاس میں  گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ کو ماڈل روڈز قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ محسن نقوی کی جانب سے روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تجاوزات کو ہٹایا جائے، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کیا جائے۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پروگرام کے تحت ٹریفک پولیس کی ٹیمیں کالجوں میں جا کر طلبا کے لائسنس بنائیں گی جبکہ طلبا کا ٹیسٹ بھی کالج میں ہی لیا جائے گا۔

اجلاس میں ٹریفک وارڈنزکی ترقی سے متعلقہ امور کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کیخلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محسن نقوی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ شہرمیں جاری ترقیاتی کاموں اورپی ایس ایل میچز کو مدنظر رکھ کر بہترین منصوبہ بندی کی جائے۔