اسلام آباد ایف نائن پارک میں خاتون زیادتی کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد

Feb 07, 2023 | 13:41 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ مبینہ گینگ ریپ کے کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ انتہائی تشویش کے ساتھ اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ  ٹی وی چینلز ایف نائن پارک میں ریپ کے واقعے کے حوالے سے رپورٹ نشر کر رہے ہیں جن میں ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت ظاہر کی گئی ہے جو کہ پیمرا الیکٹرانک میڈیا پروگرامز اور اشتہارات ضابطہ اخلاق 2015 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ  وفاقی پولیس نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ مکمل کر لی ہے۔ جیو فینسنگ میں ایک ہزار سے زائد افراد کی لسٹ بنا لی گئی ہے۔ فرانزک ٹیم کی جائے وقوعہ پر آمد،مختلف زاویوں سے ٹیموں نے تصویریں لیں۔فرانزک ٹیم نے جنگل ایریا کا بھی وزٹ کیا اور مختلف شواہد اکٹھے کیے۔پولیس کی بھاری نفری اس موقع پر تعینات رہی ۔فرانزک ٹیموں نے جنگل ایریا سے بھی مختلف نمونے اکٹھے کیے۔لڑکی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج ہے۔ اسلام آباد پولیس نے مشکوک افراد کے ٹیسٹ کروانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لیکن تاحال ایک بھی شخص کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے۔

پولیس ذرائع  کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کو خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ بھی مل گئی ہے اور میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔ پولیس نے مزید سیمپلز لیبارٹری کے لئے لاہور بھجوا دئے ہیں۔

   وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے   ایف نائن پارک میں مسلح افراد نے لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ۔ لڑکی سیر  کیلئے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی جسے مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا اور دوست کو الگ لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

مزیدخبریں