وزیراعظم کےداماد کی گرفتاری: نیب تفتیشی افسر کا عدالت میں بیان ریکارڈ

وزیراعظم کےداماد کی گرفتاری: نیب تفتیشی افسر کا عدالت میں بیان ریکارڈ
کیپشن: Arrest of Prime Minister's son-in-law: NAB investigation officer's statement in court(file photo)

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کے داماد کی گرفتاری سے متعلق نیب کے تفتیشی افسر نے احساب عدالت میں اہم بیان ریکارڈ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں وزیراعظم پاکستان کے داماد ہارون یوسف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت نمبر 9 کے جج نے سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ نیب کے تفتیشی افسر نے کیا جواب جمع کروایا ہے خود ہی بتادیں۔ اس پر نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ ہارون یوسف کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔

یاد رہے کہ عدالت نے ہارون یوسف کی عبوری ضمانت میں آج  تک توسیع کر رکھی تھی۔ آج نیب نے عدالت میں ہارون یوسف کی حد تک جواب جمع کروا دیا۔ 

عدالت نے طاہر نقوی کی عبوری ضمانت میں 17 فروری تک توسیع کر دی۔ ہارون یوسف نے  منی لانڈرنگ ریفرنس میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شامل تفتیش ہوکر نیب حکام کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ہارون یوسف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اشتہاری تھے۔