سابق آرمی پرویز مشرف کی فوجی اعزاز کیساتھ تدفین

پرویز مشرف کی فوجی اعزاز کیساتھ تدفین

ایک نیوز: سابق صدر و آرمی چیف کا سفر آخرت, جنرل (ر) پرویز مشرف کو کراچی ملیر کینٹ میں نماز جنازہ کے بعد ڈیفنس فوجی قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ  سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کو قومی پرچم لپیٹا گیا، فوجی سلامی بھی دی گئی۔

سابق صدر پرویز مشرف کی نمازہ جنازہ کراچی ملیر کینٹ پولو گراؤنڈ میں ادا کردی گئی جس میں اہل خانہ سمیت فوجی حکام، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ انہیں کراچی کے فوجی قبرستان میں اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

پرویز مشرف کی نمازہ جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سابق آرمی چیفس جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی ، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ،سابق ڈی جیز آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا ، ظہیر اسلام ،فواد چودھری ، مصطفیٰ کمال ،فروغ نسیم،معین الدین حیدر، اور امین الحق بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

سابق آرمی چیف  کی نماز جنازہ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز جنازہ کیلئے آنے والے شرکا کو پہلے سے موجود فہرست میں قومی شناختی کارڈ نمبر چیک کرنے کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

واضح رہے کہ ملیر کینٹ  قبرستان کے اطراف پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے سیکیورٹی سنبھالے رکھی۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کا عملہ بھی تعینات کیا گیا ۔ 

 کسی بھی غیرمتعلقہ شخص اور گاڑی کو قبرستان کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔نماز جنازہ کے دوران کالا پل اور سی ایس ڈی کے درمیان آرمی قبرستان سٹریٹ عام ٹریفک کے لیے بند کی گئی۔