ایک نیوز: پاکستان ریسکیو کی 51 رکنی خصوصی ٹیم امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ترکیہ روانہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی ٹیم لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔ جس کی قیادت ڈاکٹر رضوان نصیر کررہے ہیں۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق پاکستان سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم یو این سرٹیفائیڈ ہے۔ 51 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل رسپانس کا حصہ ہے۔ جسے خصوصی پرواز سے ترکیہ روانہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیم سرچ، ٹیکنیکل ریسکیو، روپ ریسکیو، میڈیکل ٹیم، کمانڈ سپورٹ، کوآرڈینیشن و کمیونیکیشن اور لاجسٹک ٹیم پہ مشتمل ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایات پر پی آئی اے کا طیارہ 51 رکنی ریسکیو ٹیم کو لے کر آج دوپہر استنبول پہنچے گا۔ پی کے 707 خصوصی پرواز پاکستانی ریسکیو ٹیم اور ان کے 7 ٹن وزنی خصوصی آلات کو لے کر لاہور سے استنبول روانہ ہوئی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی استنبول(ترکیہ) کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں ہیں جوکہ حکومتی امدادی اقدامات کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کردی ہے۔ پی آئی اے کی استنبول(ترکیہ) اور دمشق(شام) جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے پی آئی اے کے کارگو ٹرمینل پر پہنچایا جاسکتا ہے۔ پی آئی اے وسیع تر قومی مفاد میں ہمیشہ اپنی خدمات قومی فریضہ سمجھ کر پیش کرتا رہا ہے۔ کسی بھی امدادی کام یا زخمی ہم وطنوں کو وطن واپس لانے کے لئے پی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔