زلزلہ متاثرہ شام کی جیل سے داعش کے 20قیدی فرار

daash prisoners escaped from jail
کیپشن: daash prisoners escaped from jail
سورس: google

 ایک نیوز : زلزلہ متاثرہ شام کی جیل سے داعش کے 20 قیدی فرار، زلزلے سے جیل کی دیواروں، دروازوں  میں شگاف پڑ چکے تھے۔

 رپورٹ کے مطابق  تباہ کن زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کر دی اور کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔ ترکیہ کی سرحد کے قریب راجو نامی قصبے میں موجود ملٹری پولیس کی جیل میں تقریباً دو ہزار قیدی تھے، جن میں 13 سو کے قریب مبینہ طور پر داعش کے جنگجو تھے۔اس جیل میں کرد فورسز کے جنگجو بھی قید تھے۔

راجو جیل جو ترکیہ کے حامی دھڑوں کے زیر کنٹرول ہے، کے ایک اہلکار نے بتایا کہ زلزلہ آنے کے بعد راجو متاثر ہوا اور قیدیوں نے بغاوت شروع کر دی اور جیل کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔ تقریباً 20 قیدی فرار ہو گئے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ داعش کے جنگجو تھے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 7.8 شدت کے زلزلے، جس کے بعد خطے میں درجنوں آفٹر شاکس آئے، نے جیل کو نقصان پہنچایا اور دیواروں اور دروازوں میں شگاف پڑ گئے۔
برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا قیدی فرار ہو گئے ہیں، لیکن اس نے جیل میں بغاوت کی تصدیق کی ہے۔حکومت اور امدادی کارکنوں نے بتایا ہے کہ پیر کو شام بھر میں تباہ کن زلزلے، جس کا مرکز جنوب مغربی ترکیہ میں تھا، کے بعد کم از کم 14 سو 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وائٹ ہیلمٹس ریسکیو گروپ کے مطابق ملک کے شمال مغرب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کم از کم 733 افراد ہلاک اور 21 سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔