مایہ ناز آسٹریلوی کھلاڑی کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مایہ ناز آسٹریلوی کھلاڑی کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ایک نیوز: آسٹریلوی  ٹی 20 کرکٹ  ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق ایرون فنچ نےآسٹریلیا کی جانب سے 5 ٹیسٹ ،146 ون ڈے اور 103ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلین ٹیم کی نمائندگی کی جس میں ایرون فنچ نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز اسکور کیے۔ ایرون فنچ کے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ایک روزہ اور 2 ٹی20 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ فنچ نے 76 ٹی ٹوئنٹی اور55 ون ڈے میچز میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی کپتانی  کی ہے۔ فنچ نے گزشتہ سال ستمبر میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ  لے لی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ایرون فنچ نے کہا کہ 'مجھے احساس ہوگیا کہ میں اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک نہیں کھیل سکوں گا  اس لیے ریٹائرمنٹ لینے کا یہ صحیح وقت ہے تاکہ ٹیم کے مستقبل کی تیاری شروع کی جاسکے'۔اس موقع پر ایرون فنچ نے پورے کیریئر میں سپورٹ کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ 2021 میں آسٹریلیا نے پہلی بارایرون فنچ کی کپتانی میں متحدہ عرب امارات میں ٹی 20 ورلڈکپ جیتا تھا۔ آسٹریلیا گزشتہ سال اپنے ہی ملک میں ہونے والے ورلڈکپ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی ایرون فنچ کے پاس ہی ہے، انہوں نے 2018  میں زمبابوے کے خلاف 76 گیندوں پر 172 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی تھی۔