مسلسل 5 میچوں میں کامیابی کے بعد رضوان کا مداحوں کے نام خصوصی پیغام

مسلسل 5 میچوں میں کامیابی کے بعد رضوان کا مداحوں کے نام خصوصی پیغام
لاہور:پاکستان سپر لیگ 7 کی اب تک کی ناقابلِ شکست رہنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔
رضوان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ایونٹ کے پانچوں مقابلوں میں کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ہماری ٹیم نے کراچی میں ٹورنامنٹ کا آغاز غیر معمولی طریقے سے کیا، اس ٹیم کا ہر کھلاڑی فاتح ہے۔


ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس موقع پر میں پوری منیجمنٹ، مالکان اور کوچنگ اسٹاف کا شکرگزار ہوں، امید ہے یہ ہی کارکردگی لاہور میں کھیلے جانے والے میچز میں بھی برقرار رہے گی۔
رضوان نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ہمارے شاندار فینز، براہِ کرم ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ہم آپ کی جانب سے ملنے والی سپورٹ کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں، آپ لوگ تعریف کے قابل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ جمعرات سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہونے جارہا ہے۔