ویب ڈیسک :ڈنمارک میں قرآ ن پاک کی بے حرمتی کو غیرقانونی قرار دیدیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے قرآن پر بے حرمتی پر پابندی کا بل منظور کرلیا ۔عالمی دباؤ پر ڈنمارک نے قانون سازی کا اعلان کیا تھا ۔
ڈنمارک کی پارلیمنٹ میں قرآن پاک کی بےحرمتی روکنے کا بل منظور ہو گیا ہے جس کے بعد ڈنمارک میں عوامی مقامات پر قرآن پاک کی بےحرمتی غیرقانونی ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ ڈنمارک اور سوئیڈن میں پچھلے کئی ماہ میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے متعدد واقعات ہوئے تھے جس کے بعد مسلمان ممالک نے ایسی مذموم حرکتوں پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔
مبصرین کے مطابق ڈنمارک نے اس قانون کے ذریعے اپنے آزادی اظہار کے قانون اور قومی سلامتی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ قرآن کی بے حرمتی کے واقعات سے دنیا بھر سمیت ڈنمارک کی مسلم کمیونٹی میں شدید تحفظات پائے جاتے تھے۔
کچھ روز قبل ڈنمارک نے قرآن کی بے حرمتی کے واقعات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا،ڈینش وزیر انصاف پیٹر ہملگارڈ نے اعلان کیا تھا کہ حکومت جلد ایک بل پارلیمان میں پیش کرے گی جس میں مذہبی حلقوں کے لئے مقدس اشیاء کی بے حرمتی پر پابندی لگا دی جائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس بل کا مقصد عوامی مقامات پر مقدس اوراق کو نذر آتش کرنے یا بے حرمتی کرنے کے واقعات کو روکنا ہے، قرآن کی بے حرمتی کے واقعات توہین آمیز ہیں جن سے ڈنمارک کے قومی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے۔
اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو جرمانے اور دو سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔