روسی صدر کا سعودی عرب کا دورہ :مشترکہ اعلامیہ جاری

Dec 07, 2023 | 17:49 PM

ویب ڈیسک :روسی صدر ولادیمیر بوتن کے دورہ سعودی عرب کے اختتام پر سعودی عرب اور روس نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔دونوں ممالک نے 2022 کے دوران باہمی تجارت میں 46 فیصد اضافے کو سراہتے ہوئے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام لانے کے لیے اوپیک پلس کی کاوشوں کو سراہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور روس نے پٹرول، گیس، سائنس، ماحولیات، زراعت، ٹیکنالوجی، خلا اور لاجسٹک سپوٹ کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

روس نے سعودی عرب کی طرف سے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اینیشیٹیو کی تعریف کرتے ہوئے بھر پور حمایت اور مدد کا یقین دلایا ہے۔دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور سکیورٹی کے شعبے میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

دونوں ملکوں نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

مزیدخبریں