پنجاب میں 1 ہی روز غیرت کے نام پر قتل کے 2 واقعات رپورٹ

Dec 07, 2023 | 13:21 PM

ایک نیوز: پنجاب میں ایک ہی روز غیرت کے نام پر قتل کے 2 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ بہاولنگر میں رپورٹ ہوا ہے۔ جہاں 17 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا ہے۔ لڑکی کی شناخت آسیہ ممتاز کے نام سے ہوئی ہے جو کہ موضع حافظ والا کی رہائشی تھی۔

پولیس کے مطابق لڑکی کو اس کے حقیقی بھائی عرفان سہیل نے قتل کیا۔ ملزم عرفان سہیل اور اسکی بہن مقتولہ آسیہ کی وٹے سٹے پر شادی طے ہوئی تھی۔ شادی سے انکار پر ملزم نے بہیمانہ طور پر بہن کو گلہ دبا کر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ تھانہ صدر نے لاش تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی۔ 

غیرت کے نام پر قتل کا دوسرا واقعہ میانوالی کے تھانہ پپلاں کی حدود میں نواحی علاقہ ٹبہ مہربان میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ 

پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مشکوک کردار کا الزام لگا کر بہن کو قتل کر دیا ہے۔ جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس اور فرانزک ٹیم موقع واردات پر پہنچ گئی ہے۔

مزیدخبریں