اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
کیپشن: ANF's crackdown on drug trafficking continues

ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ 10 کارروائیوں کے دوران 425 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے ایک خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 400 گرام آئس برآمد ہوئی۔ لاہور کا رہائشی ملزم پرواز نمبر GF-676 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 650 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ بذریعہ پرواز نمبر GF -767 بحرین جانے والے لاہور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

کراچی میں واقع کوریئر آفس سے برطانیہ کیلئے بُک کئے گئے پارسل سے 3 کلو ہیروئن اور 240 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ٹی چوک راولپنڈی میں دو ملزمان سے 1 کلو 40 گرام ہیروئن اور 1 کلو 25 گرام آئس برآمد کرکے خاتون سمیت ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

آفریدی چوک کراچی کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 66 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ سپر ہائی وے کراچی پر دو انورٹرز میں چھپائی گئی 32 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا گیا۔ جناح کالونی کراچی کے قریب ملزم کے بیگ سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

نوشکی روڈ، مستونگ میں واقع ایک مکان میں چھپائی گئی 100 کلو چرس اور 200 کلو افیون برآمد کرلی گئی۔ زخہ خیل خیبر کے علاقے میں چھپائی گئی 9 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ نادرہ چوک، طورخم کے غیر آباد علاقے سے 690 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔