ویب ڈیسک:روسی صدر ولا دیمیر پوتن سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ شاہی محل پہنچنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا۔
روسی صدر ولا دیمیر پوتن کا ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے ان کا خیرمقدم کیا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تیل کے معاملات، اوپیک اور غزہ تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النیہان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں غزہ تنازع اور دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ روس سے روانہ ہونے پر صدر ولادیمیر پیوٹن کے طیارے کو روسی لڑاکا طیاروں نے حصار میں لے کر ابوظہبی تک پہنچایا۔ ابوظبی پہنچنے پر اماراتی طیاروں نے آسمان پر روسی پرچم کے رنگ بکھیر کر روسی صدر کو خوش آمدید کہا۔ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النیہان سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال کے علاوہ توانائی، انفرااسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بات ہوئی۔