وفاق نے سیلاب متاثرین کیلئے مدد نہیں کی ، وزیراعلیٰ پنجاب کا امریکا سے شکوہ

وفاق نے سیلاب متاثرین کیلئے مدد نہیں کی ، وزیراعلیٰ پنجاب کا امریکا سے شکوہ
کیپشن: وفاق نے سیلاب متاثرین کیلئے مدد نہیں کی ، وزیراعلیٰ پنجاب کا امریکا سے شکوہ

ایک نیوز نیوز :وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب میں سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی ۔
تفصیلات کےمطابق ملاقات میں ایم این اے حسین الٰہی،چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔امریکی قونصل جنرل نے پنجاب میں نئے اضلاع بنانے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اقدام کی تعریف کی ۔جبکہ امریکی قونصل جنرل نےپنجاب اور امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت کا خیر مقدم کیا ۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اور امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔بہت جلد اس ضمن میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدے سے پنجاب اورکیلیفورنیا کے درمیان تجارتی، معاشی،کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی۔ تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی،ماحولیات اورثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔ یہ معاہدہ پنجاب اورکیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں خصوصی سیل بنایا گیا ہے اورسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہاکہ سیلاب متاثرین کیلئے امداد پرامریکہ کے شکرگزار ہیں۔وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی۔پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے سیلا ب متاثرین کے لئے امدادی پیکیج دیاہے۔ہماری حکومت سیلاب زدگان کو گھر تعمیرکر کے دے رہی ہے۔سیلاب متاثرین کے لائیوسٹاک اورفصلوں کے نقصان کا بھی ازالہ کیاہے۔سیلاب متاثرین کو فری سولر ٹیوب ویل فراہم کیے جارہے ہیں۔پنجاب بھر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔سرمایہ کاری کیلئے پنجاب سب سے موزوں صوبہ ہے۔ہم نے بے آباد زمین کو 30سال کے لئے لیز پر دینے کی پالیسی بنائی ہے۔سرمایہ کاروں کو یہ اراضی بالکل مفت دی جائے گی۔سرمایہ کار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پنجاب میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے 4نئے ضلع بنائے ہیں۔ان اضلاع میں نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں بلکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں۔