پسند کی شادی کیلئے لڑکی نے سگے بھائی کو قتل کروادیا

Dec 07, 2022 | 15:36 PM

ایک نیوز نیوز: لاہور میں قتل کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔ جس میں ایک لڑکی نے پسند کی شادی کیلئے اپنے سگے بھائی کو قتل کروادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں 24 نومبر کو عدنان نامی نوجوان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ پولیس نے کئی روز کی تفتیش کے بعد شواہد کی روشنی میں مقتول کی بہن آسیہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ لڑکی نے اپنے محبوب کے ساتھ مل کر اپنے سگے بھائی کو قتل کروایا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ کی شناخت آسیہ کے نام سے ہوئی ہے جس نے انگریزی میں ایم اے کررکھا ہے۔ وہ اپنے ماموں زاد وقاص سے شادی کرنا چاہتی تھی جب کہ ملزمہ کا بھائی عدنان اس کی شادی کہیں اور کروانا چاہتا تھا۔ 

پولیس کے مطابق ملزمہ نے پسند کی شادی کیلئے بھائی کو قتل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اپنے محبوب وقاص کے ساتھ ملکر کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کیں۔ ملزمہ نے قاتل کو 2 لاکھ 70 ہزار روپے ادا کیے۔ 

عدنان کے قتل کیلئے آسیہ کا ساتھ اس کے ایک اور کزن نے دیا۔ کرائے کے 2 قاتلوں نے 24 نومبر کو عدنان کو قتل کردیا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق قاتلوں تک ملزمان کے موبائل فون کے ڈیٹا اور جائے وقوعہ پرملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑے گئے۔ آسیہ، اس کے ایک کزن اور 2 قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وقاص اس وقت اٹلی میں ہے جس کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جائیں گے۔ 

مزیدخبریں