ایک نیوز نیوز: پنجاب میں انتخابات کب ہوں گے؟ چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ کا قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن وقت کے ساتھ ساتھ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد ہے۔ میڈیا نے الیکشن کمیشن کے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر ای وی ایم اور اوورسیز کے ووٹ کے حوالے سے تنقید ہوتی ہے۔ ای وی ایم کا استعمال انتخابی عمل کو مشکوک بنا دے گا۔ الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن میں پائلٹ پروجیکٹ کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر ای وی ایم کے معاملے پر ایسے لوگ تنقید کرتے ہیں جن کو اے بی سی کا بھی نہیں پتہ۔ اوورسیز کے ووٹ کا طریقہ کار بھی ابھی مشکوک ہے۔ نادرا کے ساتھ مالی معاملات چل رہے ہیں۔ سابقہ ادوار میں کچھ غلط معاہدے ہوئے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے۔ پرنٹنگ پر کام کررہے ہیں۔ اپنی مشینیں لگائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے نئی ویب سائٹ تیار کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملداری کرائی ہے اس میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی گئی۔ الیکشن کمیشن کیلئے ورکر سے لیکر پارٹی ہیڈ تک سب برابر ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومتیں بالکل تیار نہیں تھیں۔ اس لیے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں کچھ دیر ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش سے کے پی کے میں بلدیاتی انتخاب کا انعقاد کا کام مکمل ہوا۔ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو جبکہ کراچی اور حیدر آباد میں پندرہ جنوری کو ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اعلان کیا کہ پنجاب میں بڑا دلچسپ مرحلہ ہے۔ پنجاب میں تیسری مرتبہ حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن اپریل کے آخری ہفتہ میں ہوں گے۔