ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے کام جاری ہے:وزیراعظم 

Aug 07, 2024 | 20:14 PM

ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔ 

 وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گلوبل سسٹمز فار موبائیل کمیونی کیشنز (جی ایس ایم اے) ایشیاء پیپسفک کے سربراہ جولئین گورمین کی قیادت میں جی ایس ایم اے کے چار رکنی وفد نے ملاقات  کی، وفد نے وزیراعظم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کام سروسز کے فروغ کیلئے جی ایس ایم اے کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا ۔  

وزیراعظم نے کہا پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترویج کے حوالے سے آج اسلام آباد میں ڈیجیٹل نیشنل سمٹ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے ،ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات میں جی ایس ایم اے کا انتہائی بنیادی اور اہم کردار ہے ۔

محمد شہباز شریف کا کہناتھا انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہء عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ،عام آدمی کی انٹرنیٹ تک بہتر رسائی ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ای گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل سکلز کی پیشہ وارانہ تربیت اور جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ،آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اس مالی سال میں تاریخی ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے ،ہمارا ویژن ہے کہ ہر شخص کے پاس اسمارٹ فون ، ہر گھر میں برآڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو ۔

وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چئیر مین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز اتھارٹی میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔   

مزیدخبریں