ایک نیوز: تحریک انصاف نے الیکشن ترمیم ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی، سپریم کورٹ سے الیکشن ترمیم ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے،سلمان اکرم راجہ کی وساطت سےآرٹیکل 184/3 کی درخواست سپریم کورٹ میںدائر کردی گئی۔
درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے،استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ترمیم ایکٹ کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جائے ،الیکشن کمیشن کو مخصوص نشتیں دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے فوری روک دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خواتین و غیر مسلم کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے،تحریک انصاف مخصوص نشستوں کی فہرستیں الیکشن کمیشن میںجمع کرا چکی ہے،12جولائی فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل الیکشن قانون میں ترمیم کرنا پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کی ایک سازش ہے، اس سازش کو ناکام کردیں گے، پہلے بھی پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر کرنے کے لیے حکمت عملی اپنائی مگر سب کو ناکامی ہوئی، ابھی بھی عدالتوں سے امید ہے۔
دوسری جانب الیکشن ایکٹ ترمیمی بل صدر مملکت آصف علی زرداری کو ارسال کر دیا گیا ہے، صدر مملکت کے دستخط کے بعد بل قانون بن جائے گا ،ترمیمی بل گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی نے منظور کیا تھا۔