ایک نیوز :وزیراعلی سندھ کے مشیرزراعت منظور وسان کی صدارت میں گنے کی فی من سرکاری قیمت مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں کاشتکار رہنماؤں کی گنے کی فی من قیمت 450 روپے اور شگرملز مالکان نے 425 روپے مقرر کرنے کی تجویز دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں گنے کی فی من سرکاری قیمت مقرر کرنے سے متعلق مشیر زراعت منظوروسان کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں سیکریٹری زراعت اعجاز احمد مہیسر، رکن سندھ اسمبلی شاہینہ شیر علی، کین کمشنر، پاسما کے عہدیداران، کاشتکار رہنماؤں سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں گنےکی سرکاری قیمت مقرر کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا. کاشتکار رہنماؤں نے سندھ حکومت کو گنے کی فی من قیمت 450 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی جبکہ شگرملز مالکان نے 425 روپے اور پنجاب کے برابر قیمت مقرر کرنے کی تجویز دی.
مشیر زراعت منظوروسان کا کہنا تھاکہ سندھ میں گنےکی فی من سرکاری قیمت 425 روپے سے 450 روپے تک مقرر کریں گے، گنے کی قیمت ایک دو دن کے اندر مقرر کردی جائے گی، ہم چاہتیں ہیں کہ کاشتکاروں کو پہلے کی طرح اس بار بھی گنے کی اچھی قیمت دیں تاکہ وہ مزید گنا کاشت کرسکیں.کاشتکار رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دیگر صوبائی حکومت سے زیادہ کاشتکاروں کو گنے اور گندم کی سرکاری قیمت دیتی آرہی ہے جس کے ہم شکر گزار رہیں۔