ایک نیوز :پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو 15 سال کے لیے آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
پیر کو لاہور میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گزشتہ 14 ماہ کے دوران پی آئی اے کو چلانے کے لے بڑا زور لگایا لیکن اس نے نہیں چلنا۔
انہوں نے کہا پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز دنیا کی بڑی ایئر لائنز میں سے ایک تھی تاہم سیاسی بھرتیوں اور میرٹ پر کام نہ ہونے کی وجہ سے اس کی حالت خراب ہو گئی ہے۔
’14 ماہ سے پی آئی اے میری ذمہ داری تھی، میں نے بڑا زور لگایا کہ کسی طرح سے یہ چل جائے، پی آئی اے والوں نے بھی زور لگایا لیکن اس نے نہیں چلنا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سرکار کا کام ایئر پورٹ چلانا نہیں بلکہ یہ پرائیویٹ سیکٹر کا کام ہے۔’پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لانا پڑے گا اس میں بیرون ملک سے براہ راست سرمایہ کاری لانا پڑے گی تاکہ ہم نئے جہاز لائے۔ پوری دنیا کے روٹس ہمارے پاس موجود ہیں، جہاز ہی نہیں ہمارے پاس تو جہاز کے بغیر پی آئی اے کیسے چلے گی۔ بہترین پیشہ ور بھی موجود ہے لیکن سرمایہ کاری پاکستان کے پاس نہیں۔
ریلوے کے شعبے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں چین کی حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ ہو گا جس کے تحت اگلے پانچ سے چھ سال میں بہترین ٹرین سروس ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹیلنٹ ہے لیکن اگر سیاسی استحکام نہیں آتا تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔’جب تک مل بیٹھ کر مسائل کا حل نہیں نکالیں گے، دائرے کا سفر کرتے رہیں گے۔