ایک نیوز: وقت بچانے کیلئے عام طور پر بازار سے نت نئے ہیئرکلر خرید کر بالوں کو ڈائی کیا جاتا ہے یا پارلر جاکر وہاں دی جانے والی ہدایات مان لی جاتی ہیں لیکن بالوں کے ساتھ یہ تجربات نقصان دہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیمیکل ہیئر ڈائی میں موجود امونیا، بالوں میں پروٹین کی تہہ ختم کرتاہے، جب کہ ہائیڈروجن پر آکسائیڈ قدرتی رنگ کاٹ کرمصنوعی رنگ میں بال رنگتا ہے۔
بال عارضی طور پر ڈائی کریں، یا پھرمستقل بنیاد پر، ہیئر کلرز بالوں کی بیرونی تہہ کیوٹیکل کی پروٹین ختم اور بالوں کی چکنائی تلف کر دیتے ہیں۔
ان کیمیکلز کے لگانے سے بالوں کی اندرونی اور بیرونی ساخت متاثر ہوتی ہے اوربال باریک ہوکر جلد ٹوٹنے لگتے ہیں۔
کیمیکل ڈائی کے نقصانات
سر کی جلد میں خارش یا جلن۔
بالوں کی ساخت خراب ہونا۔
بالوں کی موٹائی میں کمی۔
سر کی جلد پر دانے ۔
سانس کے مسائل وغیرہ
گھر میں بال رنگنے کےلیے
خواتین بالوں میں مہندی لگاتی تو ہیں لیکن وہ مطلوبہ رنگ نہیں ملتا جس کی وہ خواہش کرتی ہیں، اور پھر وہ کیمیکل والے رنگوں کی طرف راغب ہوجاتی ہیں جس سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
خواتین کی اس خواہش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بالوں کا مطلوبہ شیڈ حاصل کرنے کے لیے کچھ ٹپس ہیں، جس سے بالوں کو خوبصورتی کے ساتھ براؤن کیا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی ان میں چمک اور مضبوطی بھی آئے گی۔
مہندی بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے 2 کپ پانی میں1 چمچ چائے کی پتی اور 1 چمچ کلونجی شامل کر کے ان کو اتنی دیر پکائیں کہ پانی سوا کپ رہ جائے۔
پھر ایک کپ سوکھی مہندی، ایک انڈہ، 2 چمچ تیل (ناریل، سرسوں یا زیتون)، ایک چمچ کتھا اورایک چمچ املی کا گودا لے کران تمام اجزاء کو مکس کریں۔ پھر اس میں پتی والا پانی ڈال کر اچھے سے ملا لیں اور 2 سے 3 گھنٹے کے لیے رکھ دیں
بالوں میں مہندی لگانے کا طریقہ
مہندی لگانے سے ایک دن پہلے بالوں میں شیمپو کریں پھر اگلے دن مہندی کو اپنے بالوں پر لگائیں اور 3 سے 4 گھنٹے رہنے دیں۔ مہندی خشک ہوجائے تو اسے سادے پانی سے دھولیں۔اس کے بعد کوئی بھی تیل لے کر اس میں ½ چمچ لیموں کا رس شامل کریں اور گیلے بالوں میں لگا کر ہوا میں خشک ہونے دیں، پھر اگلے دن شیمپو کرلیں۔اس عمل کو مہینے میں 2 بار کریں، آپ کے بال خوبصورت براؤن اور چمکدار ہوجائیں گے۔